ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بورنگ میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی تیاریاں زوروں پر،عنقریب شیواجی نگر بنگلو رکا میڈیکل ہب بن جائے گا: روشن بیگ

بورنگ میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی تیاریاں زوروں پر،عنقریب شیواجی نگر بنگلو رکا میڈیکل ہب بن جائے گا: روشن بیگ

Tue, 17 Oct 2017 22:54:19    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)بنگلوروشہر کے شیواجی نگر علاقہ میں مجوزہ بورنگ اینڈ لیڈی کرزن میڈیکل کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ہاتھوں25؍ اکتوبر کو رکھا جائے گا۔ تقریب کیلئے تیاریاں بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔آج شیواجی نگر کے رکن اسمبلی اور وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے ان تقریبات کی تیاری کے سلسلے میں بورنگ اسپتال کا معائنہ کیا اور یہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی ۔اس موقع پر بھارتی نگر کے کارپوریٹر شکیل احمداور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر جناب روشن بیگ نے بتایاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے تمام اضلاع میں میڈیکل کالج قائم کرنے کے منصوبے کے تحت اب تک ریاست کے بارہ تا تیرہ اضلاع میں نئے میڈیکل کالج کھولے گئے ہیں ،بقیہ میڈیکل کالج بھی رواں سال قائم کردئے جائیں گے۔ اسی منصوبے کے ایک حصہ کے طور پر بنگلور میں بنگلور میڈیکل کالج کے بعد بورنگ اینڈ لیڈی کرزن میڈیکل کالج عوام کی سہولت کیلئے قائم کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس میڈیکل کالج کے قیام سے جہاں سالانہ 150 میڈیکل طلبا کا داخلہ ہوسکتا ہے اس کے ساتھ ہی بورنگ اینڈ لیڈی کرزن اسپتال کو سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں تبدیل کرتے ہوئے یہاں پر ہر طرح کے علاج کی سہولت مہیا کرائی جاسکے گی۔ انہوں نے بتایاکہ میڈیکل کالج کی عمارت 120 کروڑ روپیوں کی لاگت پر تیار ہوگی۔ 14منزلہ عمارت میں مریضوں کیلئے جدید ترین سہولیات سے آراستہ وارڈس ، آپریشن تھیٹرس ، آئی سی یو ، جدید ترین لیبارٹری اور میڈیکل طلبا کیلئے بہترین کلاسس وغیرہ مہیا کرائے جائیں گے۔ بورنگ میڈیکل کالج کے تحت ہی آنے والی سرکاری حاجی سر اسماعیل سیٹھ گوشہ اسپتال کے احاطہ میں بھی 117کروڑ روپیوں کی لاگت پر 14منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی، جہاں پر زنانہ امراض کے علاج کیلئے ہر طرح کی سہولت مہیا کرانے کے ساتھ یہاں پر میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے بیرونی طلبا کی رہائش کیلئے ہاسٹل کا انتظام بھی رہے گا۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ بورنگ میڈیکل کالج کی تکمیل کے بعد شیواجی نگر ہر طرح کے علاج کیلئے ایک مرکز بن کر ابھرے گا، کیونکہ بورنگ اسپتال کے سوپر اسپیشالٹی اسپتال بن جانے کے ساتھ شیواجی نگر میں قلبی علاج کیلئے بھی ایک بہترین مرکز براڈوے روڈ پر بی بی ایم پی کی طرف سے تعمیر کیاگیا ہے۔ اس عمارت کا کام تکمیل کے مراحل میں داخل ہوچکا ہے، اور جلد ہی اسپتال قائم کرنے کیلئے یہ عمارت نارائن ہردالیہ کے حوالے کردی جائے گی۔نارائن ہردالیہ کے سربراہ اور عالمی شہرت یافتہ ماہر قلبیات ڈاکٹر دیوی شٹی کی نگرانی میں اس اسپتال میں قلبی علاج کیلئے بین الاقوامی معیار کی سہولیات مہیا کرانے کے ساتھ یہاں پر سرکاری فلاحی اسکیموں کے تحت استفادہ کرنے والے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شیواجی نگر میں بی بی ایم پی نارائن ہردالیہ ، بورنگ میڈیکل کالج اور گوشہ اسپتال میں جدید سہولیات کے قیام کے بعد یہ علاقہ بنگلور کیلئے ایک میڈیکل ہب میں تبدیل ہوجائے گا۔ 


Share: